ملتان(صفدربخاری سے) اسٹنٹ کمشنر تحصیل صدر ملتان چوہدری زاہد اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے تعلیمی وژن کے تحت حکومت نئی تعلیمی اصلاحات کی روشنی میں ایجوکیشن سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائر سکینڈری سکول میں “آؤٹ آف اسکول چلڈرن” کے لیے داخلہ مہم کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اڑھائی کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جنہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے اجتماعی اور انفرادی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اربوں روپے تعلیم پر خرچ کر رہی ہے تاکہ معیارِ تعلیم بلند اور شرح خواندگی میں اضافہ کیا جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی، اساتذہ، والدین اور اسکول کونسل ممبران کو نئی داخلہ مہم کی کامیابی کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ہر بچہ اسکول جا سکے۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار کی بہتری اولین ترجیح ہے۔ پنجاب حکومت کی قیادت میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ تعلیمی ماحول مزید بہتر ہو سکے۔ تقریب میں ڈی ای او سیکنڈری منور حسین کمال، ہیڈ ماسٹر عابد فرید خان بزدار، سماجی رہنما میاں نعیم ارشد، ایجوکیشن افسران میاں منیر احمد، اسلم خان قیصرانی، محبوب اشرف، عالیہ نہکت، راؤ شمشاد علی خان، بہاول قیوم، عفت مسعود، نزہت پروین، ریاض احمد آصف، ظفر خان بابر، علی رضا صدیقی سمیت مختلف اسکولوں کے ہیڈ ٹیچرز اور معززین علاقہ شریک ہوئے۔