ملتان: بزنس کمیونٹی کا پاکستان۔۔سعودیہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم،،دفاعی تعاون ملکی سلامتی، معیشت اور تجارت کے لیے سودمند ہوگا:خواجہ محمد حسین
ملتان (صفدربخاری سے) ملتان کی بزنس کمیونٹی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے حالیہ دفاعی معاہدے کا زبردست خیرمقدم کیا ہے اور اسے دونوں برادر اسلامی ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کی شروعات قرار دیا ہے۔ اس موقع پر ملتان ڈرائی پورٹ کے چیئرمین اور ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر خواجہ محمد حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان–سعودیہ دفاعی تعاون نہ صرف ملکی سلامتی کے لیے سودمند ثابت ہوگا بلکہ اس کے اثرات معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں پر بھی مثبت انداز میں مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کی عسکری اور سفارتی پالیسیوں میں ایک بڑی کامیابی ہے، جس سے خطے میں استحکام بڑھے گا اور باہمی تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔ خواجہ محمد حسین نے مزید کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی سعودی عرب کے ساتھ تجارتی روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے پرامید ہے اور یہ معاہدہ مستقبل میں صنعتی و معاشی ترقی کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بصیرت اور قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف نے اپنی دور اندیشی اور حکمت عملی سے نہ صرف ملکی دفاع کو مضبوط بنایا ہے بلکہ پاکستان کے سفارتی محاذ پر بھی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ بزنس کمیونٹی کے رہنما نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات پاکستانی عوام کے لیے خوش آئند ہیں اور اس سے نہ صرف خطے میں امن و استحکام بڑھے گا بلکہ دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری، توانائی، اور تجارتی شعبوں میں بھی بے پناہ مواقع پیدا ہوں گے۔






































Visit Today : 191
Visit Yesterday : 511
This Month : 10585
This Year : 58421
Total Visit : 163409
Hits Today : 1661
Total Hits : 801087
Who's Online : 8






















