سیلاب متاثرین کے لیے وزیراعلیٰ ریلیف کارڈ کا اعلان، کاشتکاروں کو فی ایکڑ 20 ہزار، تباہ شدہ گھروں کے لیے 10 لاکھ روپے امداد دی جائے گی : عظمیٰ بخاری
لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب ریلیف کارڈ جاری کریں گے تاکہ متاثرین کو لائنوں میں کھڑا نہ ہونا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ایک قانون کے تحت بنا تھا اور ہر معاملے پر سیاست کرنا مناسب نہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم دن رات سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر متاثرہ علاقے کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے پنجاب کے 7 ہزار 794 مواضعات متاثر ہوئے، 26 لاکھ افراد اور 21 لاکھ مویشی متاثر ہوئے جبکہ تین دریاؤں نے صوبے کے مختلف اضلاع کو نشانہ بنایا۔ اس دوران 27 شہروں کو نقصان پہنچا اور 2 ہزار 213 ٹیمیں ریلیف کے کاموں میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کو فی ایکڑ 20 ہزار روپے، مکمل تباہ شدہ گھر کے مالکان کو 10 لاکھ، جزوی متاثرہ گھروں کے لیے 5 لاکھ اور مویشیوں کے نقصان پر بھی 5 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ سب اخراجات پنجاب حکومت اپنے وسائل سے کر رہی ہے اور کسی سے مدد نہیں مانگی گئی۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت صوبے میں 80 ہزار گھر زیر تعمیر ہیں جو دسمبر تک ایک لاکھ تک پہنچ جائیں گے، جبکہ ترقیاتی منصوبے بھی جاری ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت اور این ڈی ایم اے کے تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ اگر مزید معاونت ملی تو خوش آئند ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کو سراہا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پانی کے ذخائر کے لیے ڈیم بنانا ناگزیر ہے اور ماحولیاتی آلودگی خصوصاً اسموگ پر قابو پانے کے لیے ٹیمیں ایس او پیز پر عملدرآمد کرا رہی ہیں۔ صوبائی وزیر نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “جنہوں نے سندھ کو آثار قدیمہ بنادیا ہے وہ اب دوسروں کو مشورے نہ دیں۔ ہم بارش کا انتظار نہیں کرتے بلکہ پہلے سے عوام کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔”






































Visit Today : 191
Visit Yesterday : 511
This Month : 10585
This Year : 58421
Total Visit : 163409
Hits Today : 1678
Total Hits : 801104
Who's Online : 7






















