ملتان(صفدربخاری سے)  ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر سید علی مہدی نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کہروڑ پکا کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے کارڈیک وارڈ، ایمرجنسی، فارمیسی، ٹی بی وارڈ، چلڈرن وارڈ سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹر سید علی مہدی نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ فارمیسی کے معائنے کے دوران انہوں نے موجود ادویات کو فزیکلی ویریفائی کیا۔ تاہم بن کارڈز ادویات کے ساتھ ڈسپلے پر موجود نہ تھے جس پر انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام ادویات کے بن کارڈز فوری طور پر نمایاں انداز میں آویزاں کیے جائیں اور ریکارڈ کو باقاعدگی سے مرتب کیا جائے۔ مزید برآں، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز نے ایکس رے ڈیپارٹمنٹ، ڈینٹل یونٹ، این سی ڈی کلینک، ڈائلیسس یونٹ اور لیبارٹری کا بھی دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال میں قائم ایچ پی وی ویکسینیشن سائٹ کا بھی معائنہ کیا اور زور دیا کہ سوشل موبلائزیشن کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچیوں تک یہ ویکسین پہنچ سکے۔ چلڈرن وارڈ کے دورے کے موقع پر ڈاکٹر سید علی مہدی نے خصوصی ہدایات جاری کیں کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کی حفاظتی ویکسینیشن 100 فیصد یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ہر بچے کا ویکسینیشن ریکارڈ مکمل اور اپ ٹو ڈیٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی بچے کی ویکسینیشن میں کوتاہی نہ ہو۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز نے ایم ایس کی کاوشوں سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔