ملتان: طارق آباد میں محفل میلاد مصطفی ﷺ اور حکیم اہلسنت پیر عمران قریشی سیفی کے 8ویں عرس کی تقریب،علما کا خطاب
ملتان (صفدربخاری سے) سلسلہ سیفیہ کے تحت طارق آباد میں محفلِ میلاد مصطفی ﷺ اور حکیم اہلسنت پیر عمران احمد قریشی سیفی کے سالانہ 8ویں عرس مبارک کی پرنور تقریب منعقد ہوئی، جس میں علما و مشائخ، مریدین اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتی بشیر جان سیفی، حکیم ذیشان احمد قریشی سیفی اور پیر رضوان احمد قریشی سیفی نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کی محافل اتحاد، اخوت اور عشقِ رسول ﷺ کی روشن علامت ہیں۔ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ تمام انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے، اور اگر ہم سچے دل سے سیرتِ رسول ﷺ پر عمل پیرا ہوں تو دنیاوی مشکلات اور مسائل سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ اولیاء کرام کی تعلیمات ہمارے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔ اولیاء کرام کے آستانے فیوض و برکات کے مراکز ہیں جہاں حاضری دینے سے دل کو سکون، ایمان کو تازگی اور روح کو بالیدگی حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی روحانی محافل کا مقصد عشقِ رسول ﷺ کو عام کرنا اور معاشرے میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دینا ہے۔ تقریب سے پیر عطا الرحمن قریشی سیفی، آصف زکی، صوفی شوکت علی حامدی، لیاقت علی قریشی، صاحبزادہ محمد حسین سیفی اور صاحبزادہ زین العابدین سیفی نے بھی خطاب کیا اور نعت رسولِ مقبول ﷺ کا نذرانہ پیش کیا۔ آخر میں اجتماعی دعا کرائی گئی جس میں ملک کی سلامتی، خوشحالی، امتِ مسلمہ کے اتحاد، فلسطین و کشمیر کے مظلوم عوام اور بالخصوص سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔






































Visit Today : 191
Visit Yesterday : 511
This Month : 10585
This Year : 58421
Total Visit : 163409
Hits Today : 1661
Total Hits : 801087
Who's Online : 8






















