ملتان (صفدربخاری سے) اسسٹنٹ اٹارنی جنرل فار پاکستان رانا جاوید اقبال ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط دونوں برادر اسلامی ملکوں کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ اس معاہدے کے بعد نہ صرف پاکستان اور سعودی عرب میں جشن کا ماحول دیکھنے میں آیا ہے بلکہ پورے عالم اسلام میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کی ضمانت ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی تعلقات اور صنعت و حرفت کے شعبے میں تعاون بڑھنے سے پاکستان کی معیشت مزید مستحکم ہوگی۔ رانا جاوید اقبال نے کہا کہ دفاعی تعاون کے ذریعے پاکستانی عوام کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ سرمایہ کاری کے دروازے بھی کھلیں گے۔ اس کے نتیجے میں دونوں ملکوں کی کاروباری برادری کے درمیان رابطے اور تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا اور برادر اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد و یگانگت کے فروغ کا ذریعہ بھی بنے گا۔