لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر صوبائی حکومت نے مظفرگڑھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب وزارتی ٹیم کے ہمراہ مظفرگڑھ پہنچی اور آٹھ دیہات میں امدادی سامان کی ترسیل اور تقسیم کی خود نگرانی کی۔ امدادی سامان کی ترسیل بستی کنڈالہ، کوٹلہ آگر، بیٹ نور والا، لال والا، ٹبہ برڑا، بیٹ چنہ اور قریبی مواضعات میں کی گئی، جہاں متاثرین کو خشک راشن، اشیائے خورونوش اور ضروری سامان فراہم کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ مویشیوں کے لیے پانی اور ونڈہ کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی تاکہ دیہات کے چھوٹے کسان اور کاشتکار مزید نقصان سے بچ سکیں۔ وزارتی ٹیم کے ہمراہ مقامی انتظامیہ اور ریسکیو کے عملے نے بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ مریم اورنگزیب نے مختلف دیہات میں جا کر متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور انہیں حکومتِ پنجاب کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سیلاب متاثرین نے سینئر منسٹر اور وزارتی ٹیم کی آمد پر زبردست جوش و خروش کا اظہار کیا اور تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔ متاثرین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کا جس طرح خیال رکھا ہے، ایسا صرف کوئی اپنا ہی کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں حکومتی ٹیم کا میدان میں موجود ہونا متاثرین کے حوصلے بلند کرنے کا باعث ہے۔ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی اولین ترجیح سیلاب متاثرین کی بحالی ہے۔ حکومت تمام وسائل بروئے کار لا کر متاثرہ خاندانوں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف راشن بلکہ متاثرہ گھروں کی بحالی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کے لیے بھی جامع منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب چاہتی ہے کہ کوئی بھی متاثرہ خاندان امداد سے محروم نہ رہے اور اس مقصد کے لیے مقامی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں تاکہ شفاف انداز میں امداد کی تقسیم یقینی بنائی جا سکے۔ ماہرین کے مطابق مظفرگڑھ کے یہ علاقے سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جہاں نہ صرف فصلیں تباہ ہوئیں بلکہ رہائشی مکانات اور مویشی بھی شدید نقصان سے دوچار ہوئے ہیں۔ ایسے حالات میں حکومتی امداد متاثرین کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ سیلاب متاثرین نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جس طرح خیال رکھا، کوئی اپنا ہی خیال رکھ سکتا ہے۔