ملتان : السراج ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام علی پور میں سیلاب متاثرہ علاقے بیٹ ملاں والی کے 250 افراد کےلئے کھانے اور میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر چائلڈ اسپیشلسٹ ملتان ڈاکٹر عمیر چوہدری ، حافظ محمد اویس قرنی، زبیر چوہدری ، فیصل منیر ، قربان علی گبول بھی ہمراہ تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عمیر چوہدری اور حافظ محمد اویس قرنی نے کہا کہ سیلابی ریلوں نے کچے کے علاقے، دیہات، اسکول، ڈسپنسریاں، باغات اور کھیتوں کو ڈبو دیا ہے۔ مکانات گر گئے اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ۔ ہزاروں افراد سیلاب کی وجہ سے بے گھر ہو چکے ہیں، فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، اور مقامی آبادی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے وسائل سے زیادہ سے زیادہ متاثرین کی مدد کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک صورتحال معمول پر نہیں آ جاتی ۔حافظ محمد اویس قرنی کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ سیلاب پر سیاست نہیں بلکہ پوری قوم کو متحد ہو کر سیلاب میں گھرے لوگوں کی امداد کر نی چاہیے،متاثرین کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، سیلاب کی صورت حال کے دوران میڈیا کا کردار مثبت رہا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کو چاہیے کہ فوری طور پر ناجائز تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے سخت اقدامات کرے اور وہ تمام ادارے جو دریاؤں اور ندی نالوں کے راستوں پر غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دیتے ہیں ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔