وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا بنوں کا دورہ ، 12 شہداء کی نمازِ جنازہ میں شرکت
بنوں: وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بنوں کا دورہ کیا
اور دہشت گردی سے متعلق ایک اہم اور اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے جنوبی وزیرستان آپریشن میں 12 شہداء کی نمازِ جنازہ میں بھی شرکت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کا بھرپور جواب جاری رہے گا اور اس میں کسی قسم کا ابہام برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے عناصر کے سہولت کار افغانستان میں موجود ہیں جبکہ ان کی پشت پناہی بھارت کر رہا ہے۔وزیر اعظم نے واضح کیا کہ افغانستان کو دوٹوک پیغام دے دیا گیا ہے کہ پاکستان یا خارجیوں میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں افغان باشندے ملوث ہیں جو سرحد پار کر کے پاکستان میں کارروائیاں کر رہے ہیں، لہٰذا غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کا جلد انخلا ءناگزیر ہے۔ وزیر اعظم نے زور دیا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے معاملے پر سیاست اور گمراہ کن بیانیے کو مکمل طور پر رد کرتی ہے۔ جو بھی بھارت کی پراکسیوں اور خارجیوں کی سہولت کاری کرے گا، اُسے اسی زبان میں جواب دیا جائے گا جس کا وہ مستحق ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ مل کر بھارت کی پراکسیوں کے خلاف مضبوط قلعے کی طرح کھڑے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف مزید مؤثر اقدامات کے لئے انتظامی اور قانونی فیصلے فوری طور پر کیے جائیں گے۔وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے بنوں کے سی ایم ایچ اسپتال میں زخمیوں کی عیادت بھی کی جبکہ پشاور کور کمانڈر نے علاقے کی سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔






































Visit Today : 217
Visit Yesterday : 511
This Month : 10611
This Year : 58447
Total Visit : 163435
Hits Today : 1990
Total Hits : 801416
Who's Online : 7






















