راولپنڈی/ ملتان: آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قصور سیکٹر اور جلالپور پیر والا ملتان میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین کی دوبارہ آبادکاری و بحالی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو سیلاب کی موجودہ صورتحال اور جاری ریسکیو و امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب سمیت سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان کی متحمل نہیں ہو سکتی، اس لیے بار بار آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچاؤ کے لیے ضروری اقدامات اور انفرااسٹرکچر کی ترقی ناگزیر ہے۔ انہوں نے سول اور فوجی اداروں کے باہمی تعاون، اچھی طرزِ حکمرانی اور عوام دوست ترقی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ آرمی چیف نے محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے متاثرین سے ملاقات کی اور بحالی کے عمل میں پاک فوج کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ریلیف آپریشنز میں شریک فوجی جوانوں، ریسکیو 1122 اہلکاروں اور پولیس افسران کے حوصلے اور خدمات کو بھی سراہا۔