ملتان: فوٹو جرنلسٹ سرفراز علی اعوان کی شاندار خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں سٹیٹ بینک کی جانب سے کیش پرائز اور سجادہ نشین دربار موسیٰ پاک شہید سید ابوالحسن گیلانی کی جانب سے دستار بندی کا اعزاز دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن ملتان کے سابق صدر اور موجودہ جنرل سیکرٹری سرفراز علی اعوان کو گورنر اسٹیٹ بینک فٹبال ٹورنامنٹ کی شاندار کوریج پر اسٹیٹ بینک ملتان کے چیف منیجر جاوید اقبال مارتھ کی جانب سے منعقدہ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر فہیم ارشد اور بینک آف پنجاب کے حامد علی نے کیش پرائز دیا۔ اسی طرح انجمن اسلامیہ ملتان کی سو سالہ تقریبات کی مؤثر کوریج پر سجادہ نشین دربار موسیٰ پاک شہید سید ابوالحسن گیلانی نے خصوصی تقریب میں سرفراز علی اعوان کی دستار بندی کی۔ اس موقع پر صدر انجمن اسلامیہ سید عمران الحسن گیلانی، عامر الحسن گیلانی، سید احمد مجتبیٰ گیلانی اور دیگر عمائدین بھی شریک تھے۔