ملتان: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سیلاب زدگان کا دکھ بانٹنے کے لیے ملتان شہر کی تحصیل جلالپور پیر والا پہنچ گئیں۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج جلالپور پیر والا میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور متاثرہ شہریوں سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سیلاب متاثرہ خواتین کے پاس جا کر گلے ملیں، انہیں دلاسہ دیا اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے متاثرہ بچوں کے ساتھ خصوصی شفقت کا مظاہرہ کیا اور خود ڈش لے کر بچوں میں کھانا تقسیم کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ایک ننھے بچے کو زردے کا نوالہ اپنے ہاتھ سے کھلایا اور پیار کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی کھانے کا اہتمام کیا گیا جس کا مینو انہوں نے خود ترتیب دیا۔ متاثرہ خواتین اور بچوں میں پھل بھی تقسیم کیے گئے۔ وزیر اعلیٰ ایک بزرگ خاتون کے پاس پہنچیں، انہیں کھانا پیش کیا اور ان کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا۔ مزید برآں مریم نواز شریف نے سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کو امدادی رقوم کے چیک بھی دیے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔