ملتان (صفدربخاری سے) مسلم لیگ (ن) کی ایڈیشنل ڈویڑنل نائب صدر و سابق ممبر ضلع کونسل ڈاکٹر حمیدہ خانم ، انجمن تجارت، ملازمت و زراعت پیشہ خواتین ملتان کی صدرطاہرہ نجم ،سماجی رینما یاسمین خاکوانی اور پروین نیاز نے ہیڈ محمد والا کے قریب نواب پور کی سیلاب زدہ خیمہ بستیوں کا دورہ کیا ، اس موقع پر متاثرہ خاندانوں میں کپڑے، جوتے، جوسز، بسکٹ، پاپے اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کی گئیں،ڈاکٹر حمیدہ خانم نے خواتین، مردوں اور بچوں کے لیے کپڑوں اور جوتوں کے ساتھ ساتھ جوس اور بسکٹ کے ڈبے بھی پہنچائے، جبکہ طاہرہ نجم نے بچوں اور خواتین کے لیے کپڑوں کے علاوہ پاپے فراہم کیے۔ پروین ناز اور یاسمین خاکوانی نے بھی کپڑے تقسیم کئے، مجموعی طور پر تقریباً 300 متاثرہ افراد میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حمیدہ خانم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ میں نے آج تک ایسا وزیراعلیٰ نہیں دیکھا جو خیمہ بستیوں میں خود جا کر بجلی، پنکھے، کھانے اور میڈیکل سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے، مریم نواز نے نہ صرف کیمپوں میں انتظامات کو بہتر بنایا بلکہ خود کشتیوں کے ذریعے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور عوام کے دکھ درد بانٹے، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب دن رات متاثرین کے درمیان رہ کر ان کی خدمت کر رہی ہیں، یہی وجہ ہے کہ لوگ دل سے ان کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔ سیلاب کے باعث بڑی تعداد میں لوگ بے گھر اور بے روزگار ہوئے ہیں، املاک اور جانوں کا بھی نقصان ہوا ہے، مگر حکومت اور فلاحی ادارے مل کر ان کی بحالی کی کوششوں میں مصروف ہیں۔طاہرہ نجم نے کہا کہ خواتین اور بچوں کی ضروریات پوری کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، اسی جذبے کے تحت امدادی سامان پہنچایا گیا۔ یاسمین خاکوانی اور پروین نیاز نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی تک تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔