ملتان اور مضافات میں موسلا دھار بارش، دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب، جلالپور پیروالا میں مقامی بند ٹوٹنے سے تباہی، متعدد بستیاں زیر آب

ملتان(صفدربخاری سے) ملتان اور مضافاتی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے جس کے باعث صورتحال سنگین تر ہو گئی ہے۔ بارش اور سیلابی پانی نے کئی نشیبی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ جلالپور پیروالا میں مقامی بند ٹوٹنے کے بعد تباہ کن سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ پانی گھروں میں داخل ہونے کے باعث شہری اہل خانہ سمیت گھروں کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق، پانی کی مسلسل بلند ہوتی سطح کے پیش نظر علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور شہریوں کو فوری طور پر نقل مکانی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ دریائے چناب کے ہیڈ پنجند اور ہیڈ ترموں پر پانی کی آمد اور اخراج خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے۔ ہیڈ پنجند پر پانی کی آمد 6 لاکھ 9 ہزار 669 کیوسک جبکہ ہیڈ ترموں پر 5 لاکھ 43 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔ حکام نے قریبی بندوں میں شگاف پڑنے کی تصدیق کی ہے جس کے
نتیجے میں جلالپور پیروالا سمیت کئی بستیاں زیر آب آ گئی ہیں۔ سیلاب کے باعث جلالپور پیروالا کے موضع شاہ رسول اور بیٹ واہی کے زمیندار بند ٹوٹ گئے جس سے پانی بہادر پور تک پھیل گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے 5 ڈرون اور 50 کشتیاں روانہ کی گئی ہیں جبکہ بندوں کو بچانے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ دوسری جانب جھنگ میں دریائے چناب کے ایک اور سیلابی ریلے نے تباہی مچادی ہے۔ تین سو سے زائد دیہات پانی میں گھر گئے ہیں اور تقریباً 2 لاکھ 81 ہزار ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ مظفرگڑھ کے علاقے عظمت پور میں بھی بند ٹوٹنے کے نتیجے میں کئی بستیاں زیر آب آگئیں اور سات ہزار سے زائد افراد محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔ اسی طرح دریائے ستلج میں بھی اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ بہاولپور کے ناردرن بائی پاس کے قریب سیلابی پانی بستیوں میں داخل ہو چکا ہے، جس سے متعدد علاقے شدید متاثر ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں جبکہ شہریوں کو مزید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے خدشات سے مسلسل آگاہ کیا جا رہا ہے۔ متعدد متاثرہ علاقوں میں لوگ اب بھی پانی میں گھرے ہوئے ہیں اور امداد کے منتظر ہیں۔






































Visit Today : 263
Visit Yesterday : 511
This Month : 10657
This Year : 58493
Total Visit : 163481
Hits Today : 2486
Total Hits : 801912
Who's Online : 8






















