سیلابی پانی کے باعث سیالکوٹ کے 80 سرکاری سکولز 10 ستمبر تک بند رکھنے کا فیصلہ
سیالکوٹ : ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے کہا ہے کہ ضلع بھر کے 80 سے زائد سرکاری سکولز کو سیلابی صورتحال کے باعث 10 ستمبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے متاثرہ علاقوں میں کئی سکولز کے احاطے اور کلاس رومز میں پانی کھڑا ہے، جبکہ متعدد عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق حفاظتی نقطہ نظر سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ بچوں کی جان و مال کو کسی بھی خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل سیالکوٹ کے متعدد سکولز 8 سے 10 ستمبر تک بند رہیں گے۔ تحصیل ڈسکہ اور پسرور کے سرکاری سکولز بھی متاثرہ فہرست میں شامل ہیں۔ تحصیل سمبڑیال کے کئی اسکولز میں تدریسی عمل عارضی طور پر معطل رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ والدین اور طلبہ سے تعاون کی اپیل ہے، بچوں کی سلامتی اور صحت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکولز کی عمارتوں کی صفائی اور بحالی کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ تدریسی عمل جلد از جلد بحال کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ یہ حکم نامہ صرف سرکاری سکولز کے لیے ہے، جبکہ ضلع کے تمام پرائیویٹ تعلیمی ادارے 5 ستمبر سے معمول کے مطابق کھل چکے ہیں۔







































Visit Today : 264
Visit Yesterday : 511
This Month : 10658
This Year : 58494
Total Visit : 163482
Hits Today : 2493
Total Hits : 801919
Who's Online : 7






















