ملتان: صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر سہیل شوکت نے سیلاب سے متاثرہ بستی لنگڑیال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے محمد بن قاسم بلائنڈ سینٹر کی جانب سے لگائے گئے اسٹال کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر معروف سماجی رہنما سعدیہ کرمانی بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔ صوبائی وزیر نے اسٹال پر موجود انتظامیہ و منتظمین سے تفصیلی گفتگو کی اور سینٹر کی جانب سے بینائی سے محروم افراد کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات کا جائزہ لیا۔ سہیل شوکت نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، خاص طور پر معذور افراد کو معاشرتی دھارے میں شامل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محمد بن قاسم بلائنڈ سینٹر کی خدمات لائق تحسین ہیں جو نہ صرف معذور افراد کے لیے تعلیمی و فنی سہولیات فراہم کر رہا ہے بلکہ ان کی بحالی اور خود انحصاری کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ سعدیہ کرمانی نے اس موقع پر کہا کہ ایسے ادارے معاشرے کی حقیقی خدمت کر رہے ہیں، اور ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام و مخیر حضرات بھی بڑھ چڑھ کر ان کے ساتھ تعاون کریں۔ اس موقع پر مقامی افراد نے بھی صوبائی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا، جس پر سہیل شوکت نے یقین دلایا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرے گی اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اس سلسلے میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرتا رہے گا۔