ملتان(صفدربخاری سے)  جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کی معروف مذہبی، سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ اس تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے بڑے صاحبزادے اور رکنِ قومی اسمبلی سید علی موسیٰ گیلانی نے تحفظِ عزاداری کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید طالب حسین پرواز کی طویل دینی و سماجی خدمات کے اعتراف میں ان کی دستار بندی کی۔ اس موقع پر سید علی موسیٰ گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید طالب حسین پرواز نے ہمیشہ اتحادِ امت، تحفظِ عزاداری اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنایا۔ ان کی شب و روز محنت، قربانیاں اور اخلاص اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ دین و ملت کی سربلندی کے لیے ہر وقت کوشاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اہلِ ملتان کو ایسے خادم دین پر فخر ہے جو اپنی زندگی کو کلمۂ حق کی سربلندی اور مسلک و مشرب سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کیے ہوئے ہیں۔تقریب میں موجود معزز مہمانوں نے کہا کہ عید میلادالنبی ﷺ کا یہ پرنور موقع ہم سب کو اتحاد، اخوت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔ حضور اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت نے دنیا کو ہدایت، روشنی اور امن کا پیغام دیا، جس کی عملی جھلک ہمیں آج بھی ایسی محافل میں نظر آتی ہے جہاں دین اور انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو سراہا جاتا ہے۔ شرکائے تقریب نے سید طالب حسین پرواز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اسی طرح دین و ملت کی خدمت کے مزید مواقع عطا فرمائے۔ تقریب میں مذہبی و سماجی رہنماؤں، مختلف مکاتب فکر کے علما، تاجر برادری، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی جنہوں نے محفل میلاد اور دستار بندی کی اس تقریب کو اتحاد و محبت کا حسین پیغام قرار دیا۔