ملتان :  آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ فیڈریشن جنوبی پنجاب کے صدر رانا محمد اصغر نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کے متاثرین کی مدد کے لیے فوج، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور پنجاب پولیس جس جذبے سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ان اداروں کے افسران اور اہلکاروں نے دن رات ایک کر کے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔رانا محمد اصغر نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ مخیر حضرات سے رابطہ کر کے فنڈ ریزنگ مہم کو مؤثر بنائیں تاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں فوری امداد پہنچائی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اُن کی جانب سے فنڈ ریزنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے اور وہ مسلسل اس سلسلے میں سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے جنرل بس اسٹینڈ ملتان کے ٹرانسپورٹرز، انجمن تاجران اور شہر کی تمام تاجر تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس کارِ خیر میں دل کھول کر حصہ لیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ سیلاب کے دوران جس طرح تاجر برادری نے بڑھ چڑھ کر مدد کی تھی، اسی جذبے کے ساتھ ایک بار پھر سیلاب زدگان کے لیے آگے آئیں اور ان کی بھرپور معاونت کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے، اور اس وقت سیلاب متاثرین کو ہماری اشد ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متحد ہو کر ہم ان مشکل حالات میں متاثرہ بہن بھائیوں کے دکھ درد کو کم کر سکتے ہیں۔