ملتان (صفدربخاری سے) پنجاب حکومت کی میرٹ بیسڈ ہیڈشپ پالیسی کے تحت معروف ماہر تعلیم، محنتی اور فرض شناس استاد ڈاکٹر رانا قمر عباس کو گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول لاڑ، ملتان کا پرنسپل (بی ایس-19) تعینات کر دیا گیا ہے۔ ان کی اس اہم تعیناتی پر تعلیمی حلقوں، سول سوسائٹی، طلبہ و طالبات اور اہلِ علاقہ کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا اور انہیں مبارکباد پیش کی گئی۔ڈاکٹر رانا قمر عباس اس سے قبل محکمہ تعلیم پنجاب ملتان میں کئی کلیدی تعلیمی ذمہ داریاں بخوبی نبھا چکے ہیں، جبکہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ اقبال سٹڈیز میں بطور کوارڈینیٹر ایم فل پروگرام اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور لوہا منوا چکے ہیں۔محکمہ تعلیم میں دورانِ خدمات، انہوں نے شاندار تعلیمی نتائج، ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ اور سکول انفراسٹرکچر کی بہتری کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہی خدمات کے اعتراف میں انہیں دو مرتبہ “بیسٹ ہیڈماسٹر ضلع ملتان” کا اعزاز بھی دیا گیا۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں بطور کوآرڈینیٹر ایم فل پروگرام، انہوں نے ریکارڈ داخلے ممکن بنائے اور صرف ڈیڑھ سال کے قلیل عرصہ میں اپنی ذاتی کوششوں سے یونیورسٹی کے لیے ایک کروڑ چھتیس لاکھ روپے کا ریونیو حاصل کیا، جو ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔ڈاکٹر رانا قمر عباس کی تعیناتی کو ایک خوش آئند اقدام قرار دیا جا رہا ہے، جس سے توقع کی جا رہی ہے کہ گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول لاڑ میں تعلیمی میدان میں ایک نئی روح پھونکی جائے گی اور طلبہ کو معیاری تعلیم و تربیت فراہم کی جائے گی۔