ملتان(صفدربخاری سے) ملتان سوئی گیس ڈسٹری بیوشن آفس میں پاکستان انجینئرنگ کونسل اور سوئی ناردرن گیس کمپنی کے اشتراک سے شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے رکن اور جنرل منیجر سوئی گیس احمد جواد خان خاکوانی اور چیف انجینئر بنیامین شاہد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے احمد جواد خان خاکوانی نے کہا کہ شجر کاری وقت کی اہم ضرورت ہے، درخت نہ صرف آلودگی کے خاتمے کا ذریعہ ہیں بلکہ صحت مند معاشرے کی تشکیل میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پودے لگانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔چیف انجینئر بین یامین شاہد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سر سبز پاکستان ہی محفوظ پاکستان ہے، شجر کاری مہم سے نہ صرف ماحولیاتی بہتری آئے گی بلکہ مستقبل کی نسلوں کے لیے صاف اور صحت مند فضا بھی فراہم ہوگی۔تقریب کے آخر میں مہمانانِ گرامی نے یادگار پودے لگا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا اور شرکاء سے اپیل کی کہ وہ بھی زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ملک کو سرسبز بنانے میں کردار ادا کریں۔