لاہور: بھارت کی جانب سے پاکستان کے دریاؤں میں مزید پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے چناب اور ستلج میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب برقرار رہے گا جبکہ 4 سے 5 ستمبر کے دوران دریائے چناب میں پنجند کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہوگا۔آئندہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی، سرگودھا، گجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد اور بہاولپور ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال برقرار ہے جبکہ بھارت کی جانب سے آج صبح بھی دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑا گیا جس کے باعث ہریکے اور فیروز پور پر اونچے درجے کا سیلاب آ سکتا ہے۔بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان سے رابطہ کرتے ہوئے وزارت آبی وسائل کو آگاہ کیا، بھارت نے سیلابی ریلے سے آج صبح 8 بجے آگاہ کیا۔گزشتہ روز بھی بھارت نے دریائے ستلج میں پانی کا بڑا ریلا چھوڑا تھا۔