ملتان: سیلاب حکمرانوں کی بد انتظامی کا نتیجہ ہے۔ ملک میں جب بھی سیلاب آتا ہے سرائیکی وسیب کو سب سے بڑی قیمت چکانی پڑتی ہے۔ ان کے کچے مکان ملبے کا ڈھیربن جاتے ہیں اور جانور، فصلوں سمیت ساری جمع پونجی پانی میں بہہ جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سرائیکستان ڈیمو کریٹک پارٹی رانا محمد فراز نون، عنایت اللہ مشرقی، سید مطلوب حسین شاہ بخاری، اجمل مسن، عامر فرید مشہدی، شکیل گھلیجہ، رافیہ ملک اور اُم ایمن نے حالیہ سیلاب کو حکمرانوں کی بد انتظامی قرار دیتے ہوئے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب حکمرانوں کی بد انتظامی، نا اہلی اور غفلت کا نتیجہ ہے۔ اگر وقت پر ڈیم بنائے جاتے، نکاسی آب کا نظام بہتر ہوتا اور پناہ گاہیں و بچائو کے انتظامات کئے جاتے تو آج حالات اتنے المناک نہ ہوتے۔ عوام کے پاس ایسے رہنما موجود ہی نہیں جو آزمائش سے بچانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کریں۔ جب تک ہم اپنی کوتاہیوں اور حکمرانوں کی غفلت کو نہیں پہچانیں گے، اس مسئلے کا حل ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جب بھی سیلاب آتا ہے سرائیکی وسیب کو سب سے بڑی قیمت چکانی پڑتی ہے۔ ان کے کچے مکان ملبے کا ڈھیربن جاتے ہیں اور جمع پونجی پانی میں بہہ جاتی ہے جبکہ حکمران فول پروف سکیورٹی میں سیلاب متاثرین سے ملنے آتے ہیں، فوٹو سیشن کرتے ہیں اور بیرون ملک تصاویر دکھا کر بھاری امدادیں بٹور کر بیرون ملک بینکوں میں رکھ لیتے ہیں کہ حکمرانوں نے سیلاب کو کاروبار بنایا ہوا ہے جبکہ غریب کا سب کچھ سیلاب میں بہہ جاتا ہے۔ سرائیکی رہنمائوں نے کہا کہ حکمران سیلاب پر کاروبار کرنے میں مصروف ہیں۔ ہمیشہ کی طرح عوام اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات کریں کہ عوام میں خدمت کا جذبہ موجود لیکن راستہ نہیں مل رہا، پلیٹ فارم ہم دیں گے تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان و آئیں اور مل کر ملک و قوم کی خدمت کریں، عوام آگے بڑھے اور خدمت کے اس سفر کا حصہ بنیں۔