ملتان (صفدربخاری سے) چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر میاں راشد اقبال نے کہا ہے کہ کاروباری برادری ماحولیاتی تحفظ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے، حکومت اسے ہر ممکن سہولیات دے اور سپورٹ کرے میاں راشد اقبال نے کہا کہ ملتان چیمبر اور بزنس کمیونٹی ہمیشہ ماحولیاتی بہتری کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کے مسائل کا حل صرف سختی یا بندش میں نہیں بلکہ مشاورت اور باہمی تعاون ہے انہوں نے کہا کہ اگر صنعتکاروں کو اعتماد میں لے کر پالیسی بنائی جائے تو نہ ماحولیاتی آلودگی پر بہترین طریقے سے قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ صنعتی ترقی اور روزگار کے مزید مواقع بھی یقینی بنائے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری پر پابندیاں عائد کرنے کے بجائے ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن، ماحول دوست اقدامات اور سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دی جائے۔ ماحولیات کی بہتری حکومت ،بزنس کمیونٹی اور سول سوسائٹی ، سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ میاں راشد اقبال نے کہا کہ پنجاب میں فضائی آلودگی کی سب سے بڑی وجہ ٹریفک، اس کے بعد فصلوں کی باقیات جلانا ہے جبکہ انڈسٹری کا اس میں حصہ صرف 9فیصد ہے لہذا سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کا ذمہ دار صنعتوں کو ٹھہرانا درست نہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ حکومت سکربرز اور ماحول دوست مشینری کی تنصیب کے لیے صفر مارک اپ پر قرضے فراہم کرے۔وہ انڈسٹریاں جو ماحول دوست اقدامات کر رہی ہیں انہیں خصوصی انعامات اور سرٹیفکیٹ دیے جائیں۔ انڈسٹری کے ساتھ براہِ راست رابطے کے لیے ملتان چیمبر میں سہولت ڈیسک قائم کیا جائے تاکہ مسائل بروقت حل ہوں۔ سموگ اور ماحولیاتی مسائل پر عوامی آگاہی مہم کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ عام شہری بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان چیمبر نے ہمیشہ اپنی کمیونٹی کو سموگ اور ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے رہنمائی فراہم کی ہے اور آئندہ بھی انوائرنمنٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس پر قابو پانے کے لیے انڈسٹری سمیت ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا