اسلام آباد /لاہور/ملتان/فیصل آباد / :  جماعتِ اہلِ سنت پاکستان کے صوبائی ترجمان صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی و صوبائی قائدین علامہ پیر سید مظہر سید شاہ کاظمی، پیر خالد سلطان قادری، پیرسید امین الحسنات چشتی، پیر سید خلیل الرحمن شاہ بخاری، علامہ حافظ محمد فاروق خان سعیدی، ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری،پیرمعاذالمصطفی قادری اور صوبائی ترجمان صاحبزادہ زیشان کلیم معصومی نے ماہِ ربیع الاول شریف کی آمد پر پوری امتِ مسلمہ اور اہلِ سنت کو مبارک باد پیش کی ہے۔ رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ربیع الاول وہ بابرکت مہینہ ہے جس میں تاجدارِ کائنات ﷺ کی ولادت باسعادت ہوئی اور دنیا ظلمت سے نکل کر نورِ ایمان و ہدایت سے منور ہوئی۔ عید میلادالنبی ﷺ کا جشن ایمان، محبت، اخوت اور رواداری کے فروغ کا پیغام ہے۔ قائدین نے علماء، مشایخ، خطباء اور اہلِ سنت تنظیمات سے اپیل کی کہ وہ میلاد النبی ﷺ کے اجتماعات، جلوس، ریلیاں، محافل اور سیمینارز کو شریعتِ مطہرہ کے مطابق، عشقِ رسول ﷺ کی خوشبو سے معطر اور امن و اخوت کے رنگ میں منعقد کریں۔جلوسوں میں غیر شرعی امور سے اجتناب کیا جائے تاکہ عید میلادالنبی ﷺ کا پیغام حقیقی معنوں میں عام ہو سکے۔ان رہنماؤں نے مزید کہا کہ ہم بحیثیتِ قوم، حضور نبی کریم ﷺ کا پندرہ صدیوں پر محیط جشنِ ولادت منانے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ اس عظیم موقع پر حکومت اور انتظامیہ کی بھی ذمہ داری ہے کہ میلاد کے جلوسوں اور ریلیوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے، گزرگاہوں پر صفائی اور روشنی کے بہترین انتظامات کیے جائیں اور شرکاء میلاد کو مکمل سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ پوری قوم مل جل کر رسولِ رحمت ﷺ کے جشنِ ولادت کو خوشی، امن اور محبت کے ساتھ منائے۔ان قائدین نے مزید کہا کہ میلاد منانا اہلِ سنت کا شعار اور پہچان ہے۔ حضور ﷺ وجہہ تخلیق کائنات ہیں جن پر جان، مال اور تن من سب کچھ قربان ہے۔ ملتِ اسلامیہ کے افراد پر لازم ہے کہ جشنِ میلاد کے دوران امن و محبت، رواداری اور باہمی تعاون کا مظاہرہ کریں۔ جلوسوں اور ریلیوں کے منتظمین انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ یہ بابرکت ایام پرامن اور محفوظ انداز میں گزر سکیں۔ یہ ایام نفرتوں کو مٹانے اور محبتوں کو بڑھانے کے ہیں۔ قائدینِ اہلِ سنت نے فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان ایام میں اپنے مظلوم بھائیوں کو یاد رکھنا اور ان کی آزادی کے لیے دعا کرنی چاہیے۔ مزید برآں، رہنماؤں نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو اس بات پر مبارک باد پیش کی کہ انہوں نے پندرہ صدیوں پر محیط جشنِ ولادت النبی ﷺ کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ جماعتِ اہلِ سنت کے قائدین نے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ پوری ملتِ اسلامیہ کے جذبات کی ترجمانی ہے۔ سرکاری سرپرستی میں اس جشن کا انعقاد دراصل نبی کریم ﷺ سے محبت اور عقیدت کے قومی عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ان بابرکت ایام میں اپنی زندگیاں تعلیماتِج مصطفی ﷺ کے مطابق ڈھالنے کا عہد کریں تاکہ وطن عزیز پاکستان حقیقی معنوں میں امن و سلامتی کا گہوارہ بن سکے۔