ملتان (صفدربخاری سے) انرویل ڈسٹرکٹ 340 کی چیئرمین رضوانہ ملک نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت شعار عین اسلامی اور صدقہء جاریہ ہے۔ نادار اور مستحق طبقات کی خدمت کرنا ہمارا اسلامی فریضہ ہے، خدمتِ خلق اور حقوق العباد دینِ اسلام کی اصل روح ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے نزدیک حاجت مند کی حاجت روائی اور اللہ کی راہ میں اپنا مال خرچ کرنا سب سے بڑی عبادت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد مستحق اور نادار لوگوں کی خدمت کرنا اور فیلوشپ کا فروغ ہے۔ خدمت کسی وقتی جذبے کا نہیں بلکہ انسانیت کا فرض ہے، جس کی ادائیگی کے لیے انرویل ڈسٹرکٹ 340 کے ممبران بلا معاوضہ، اپنی مدد آپ کے تحت، بلا امتیاز رنگ، نسل، ملک و مذہب انسانیت کی خدمت میں سرگرم ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انرویل ڈسٹرکٹ 340 کی انسٹالیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے ڈسٹرکٹ سیکرٹری مسز صالحہ پاشا نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ انرویل کا مقصد خواتین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے فلاحی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ ہم تعلیم، صحت، یتیم و بیواؤں کی کفالت اور پسماندہ طبقے کی بہتری، معذور افراد اور تھلسمیاء کے مرض میں،مبتلاء مریضوں کی بہتری کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ خدمتِ انسانیت کے ذریعے نہ صرف سماج میں بہتری لائی جا سکتی ہے بلکہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں بھی کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین معاشرے کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے انرویل ڈسٹرکٹ 340 کی ممبران اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہی ہیں اور آئندہ بھی بلا رنگ و نسل اور مذہب خدمتِ انسانیت کے جذبے کو جاری رکھیں گی۔
تقریب سے مہمانِ خصوصی این آر مسز شاہدہ طاہر نے کہا کہ سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین رضوانہ تبسم دورانی نے جو پودا لگایا تھا آج وہ تن آور درخت بن چکا ہے اور پاکستان سمیت پوری دنیا میں فلاحی کاموں میں سب سے آگے ہے اور ملتان ڈسٹرکٹ اور ان کے تمام کلبز دکھی انسانیت کی بہترین خدمت کر رہے ہیں تقریب میں ڈسٹرکٹ عہدے دار میڈیا مینجر عائشہ اکرام، وائس چیئرمین مسز شمائلہ شوکت، کانفرنس چیئرمین ارم مجاہد، خرانچی رخسانہ کوثر، ای این او ام کلثوم سیال کے علاوہ 11 کلبز کی صدور اور دیگر عہدے داروں کے علاوہ مہمانِ خصوصی مسز
شیریں خان، مسز ناہید ذوالفقار کے علاوہ کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی نعت کی سعادت معروف نعت خواں حرا سلمان نے حاصل کی نظامت کے فرائض عائشہ اکرام اور مسز حمیرہ فرید نے سرانجام دیے تمام کلبز نے چیئرمین رضوانہ ملک، ڈسٹرکٹ سیکرٹری مسز صالحہ پاشا اور دیگر عہدے داروں کو مبارکباد دی۔