ربیع الاول خوشیوں اور برکتوں کا مہینہ

تحریر:ایس پیرزادہ

اسلامی سال کے ابتدائی دو مہینے محرم اور صفر ہمیں غم آزمائش اور صبر کی یاد دلاتے ہیں محرم میں اہلِ بیتِ نے بے مثال قربانیاں پیش کیں کربلا کی مٹی نے تاریخِ انسانیت کو صبر و استقامت کا سب سے روشن سبق دیا صفر بھی مشکلات اور سختیوں کا مہینہ کہلاتا ہے جو ہمیں اس دنیا کی حقیقت اور عارضی مسافت کا احساس دلاتا ہے لیکن ان مہینوں کے بعد جب چاند ربیع الاول کی آمد کی نوید دیتا ہے تو فضاؤں میں ایک نئی روشنی خوشبو اور خوشی بکھر جاتی ہےربیع الاول وہ مقدس مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اس دنیا میں بھیج کر کائنات کو رحمت اور نور سے بھر دیا اسی مہینے کی 12 تاریخ کو ولادتِ باسعادت ہوئی اور یہی دن عید میلادالنبی ﷺ کے طور پر دنیا بھر کے مسلمان عقیدت و احترام کے ساتھ مناتے ہیں یہ دن صرف خوشی کا نہیں بلکہ اپنے عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم حضور ﷺ کی سیرت پر عمل کر کے اپنے کردار اور معاشرے کو سنواریں
ربیع الاول نہ صرف ولادتِ رسول ﷺ کی خوشیاں سمیٹے ہوئے ہے بلکہ اسی مہینے میں وصالِ نبی ﷺ کا صدمہ بھی امت کو سہنا پڑا گویا یہ مہینہ ہمیں خوشی اور غم دونوں کے امتزاج سے یہ سبق دیتا ہے کہ زندگی میں عروج و زوال راحت و کرب سب اللہ تعالیٰ کی مشیت کے تحت ہیں
اس مہینے میں میلاد النبی ﷺ کی محافل سجتی ہیں گلیاں محلے اور شہر چراغاں سے روشن ہو جاتے ہیں نعتوں کی محفلیں درود و سلام کی صدائیں عبادت و ریاضت کی محافل ایک روحانی کیفیت پیدا کر دیتی ہیں یہ خوشی محض ظاہری نہیں بلکہ حقیقی خوشی تب ہے جب ہم اپنے دلوں کو بھی حضور ﷺ کی محبت سے روشن کریں اور ان کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں ربیع الاول کا پیغام ہمیں یہ ہے کہ ہم حضور ﷺ کی ذات کو صرف جشن میلاد تک محدود نہ کریں بلکہ ان کے اخلاق عدل مساوات
محبت اور بھائی چارے کے اصولوں کو اپنے معاشرے میں زندہ کریں یہی اس مہینے کی اصل برکت اور خوشی ہے
ربیع الاول کا آغاز ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ سختیوں اور غموں کے بعد اللہ تعالیٰ خوشیاں عطا کرتا ہے محرم اور صفر کے بعد یہ مہینہ گویا ربِ کائنات کی طرف سے خوشیوں برکتوں اور عبادتوں کا انعام ہے لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم اس مہینے کو صرف رسم و رواج کی سطح پر نہ منائیں بلکہ حقیقی معنوں میں اسے اپنی زندگیوں کے بدلاؤ کا ذریعہ بنائیں اس موقع پر دعا ہے
یا اللہ! ہمیں اہل بیت کی محبت نصیب فرما صدقہ و خیرات کی توفیق عطا فرما اور اپنے محبوب ﷺ پر درود و سلام کی کثرت کرنے والا بنا یا اللہ! ہمیں حضور اکرم ﷺ کی سیرت پر عمل کرنے والا اور ان کے اخلاق کو اپنی زندگی میں اپنانے والا بنا آمین ثم آمین سب پڑھنے والوں کو ربیع الاول کا مہینہ مبارک ہو ۔۔۔۔دعاوں کی طلبگار