ملتان: ملتان جیسمین لائنز کلب کے زیر اہتمام ایس او ایس چلڈرن ویلج میں شجر کاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر کلب کی صدر عاصمہ ارسلان، سیکرٹری سعدیہ ملک، رفعت اعظم اور شہناز ذوالفقار سمیت دیگر اراکین نے پودے لگائے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جیسمین لائنز کلب عاصمہ ارسلان نے کہا کہ پاکستان میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لیے شجر کاری ناگزیر ہے۔ درخت فطرت کا حسین تحفہ ہیں جو نہ صرف ماحول کو صاف کرتے ہیں بلکہ انسانی زندگی کے لیے آکسیجن مہیا کر کے صحت مند معاشرے کی ضمانت بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم آج زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں تو آنے والی نسلوں کو بہتر اور صاف ماحول فراہم کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور ماحولیاتی توازن کے قیام کے لیے ہر شہری کو شجر کاری کو اپنی ذمہ داری سمجھنی چاہیے اور معاشرے کے ہرفرد کو کماز کم ایک پودا ضرور لگانا چا ہیے۔ اس موقع پر سیکرٹری سعدیہ ملک، رفعت اعظم اور شہناز ذوالفقار نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ جیسمین لائنز کلب سماجی خدمات کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی بہتری کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔شجر کاری مہم میں بچوں کو بھی پودے لگانے کی ترغیب دی گئی تاکہ ان میں ماحول دوست رویے پروان چڑھ سکیں۔