ملتان : ستھرا پنجاب میں کام کرنے والے سینکڑوں ورکرز کو دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف محنت کش یونین (سی بی اے)، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملتان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے تین روز کا الٹی میٹم دے دیا ہے، یونین کے صدر سمیع اللہ خان اور جنرل سیکرٹری حماد افضل ڈوگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اگر 72 گھنٹوں کے اندر تنخواہیں جاری نہ کی گئیں تو ورکرز احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے اور یہ احتجاج پورے شہر تک پھیل سکتا ہے، یونین رہنماو ¿ں کا کہنا تھا کہ ایس اے انٹرپرائزر کمپنی، جو ستھرا پنجاب کے تحت صفائی کے امور پر مامور ہے، پچھلے دو ماہ سے ورکرز کی تنخواہیں روک کر ان کے گھروں کے چولہے بجھانے پر تلی ہوئی ہے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ مستقل ملازمین کی تنخواہوں میں بھی بے جا کٹوتیاں کی جا رہی ہیں، جو سراسر استحصال اور ورکر دشمنی کے مترادف ہے، انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ، کمشنر ملتان، ڈپٹی کمشنر اور سی ای او سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ورکرز کو استحصالی ٹھیکے دار کمپنی سے نجات دلائی جائے، جو صرف منافع کما کر محنت کشوں کا حق مار رہی ہے،انہوں نے کہا کہ محنت کش ، ورکرز گرمی، بارش اور بیماری میں دن رات صفائی کے فرائض انجام دیتے ہیں اور ان کے بچوں کا پیٹ ان تنخواہوں سے چلتا ہے، جنہیں مسلسل روکا جا رہا ہے، اگر حکومت نے فوری نوٹس نہ لیا تو ہم پرامن احتجاج کے دائرے کو وسعت دیں گے، پریس کانفرنس کے آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ ہم پرامن لوگ ہیں، لیکن اگر ہماری آواز نہ سنی گئی تو احتجاج ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے، جس سے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔