لاہور :  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کے قومی ہیرو اور نشانِ حیدر پانے والے جوان راشد منہاس شہید کی 54 ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ راشد منہاس شہید کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، وہ نہ صرف پاکستان ایئرفورس بلکہ پوری قوم کے لیے ایک لازوال مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راشد منہاس شہید نے اپنے خون سے یہ پیغام لکھا کہ پاکستان ایک امانت ہے اور اس کی حفاظت ایمان کا درجہ رکھتی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ قوم راشد منہاس جیسے بہادر سپوتوں پر فخر کرتی ہے، جنہوں نے وطنِ عزیز کی سلامتی اور بقا کے لیے اپنی جان نچھاور کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید راشد منہاس جیسے ہیروز ہمیشہ دلوں میں زندہ رہتے ہیں اور ان کی قربانیاں نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور وطنِ عزیز کی ترقی و سلامتی کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔