ملتان (صفدربخاری)  کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے زیرِ اہتمام ریجنل سینٹر ملتان میں فیلوز موٹ اور ظہرانے کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ،تقریب کی صدارت کالج آ ف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے صدرپروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل (تمغہ امتیاز، صدارتی پرائیڈ آف پرفارمنس) نے کی۔ اس موقع پر کالج کی کونسل کے ممتاز اراکین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، تقریب میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے فیلوز، فیکلٹی ممبران، اور دیگر مہمانوں نے بھرپور شرکت کی، انتظامی امور ریجنل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبیٰ ، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج و کنٹرولر امتحانات سی پی ایس پی پروفیسر ڈاکٹر محمد راشد قمر راؤ اور ڈین اکیڈمکس سی پی ایس پی بریگیڈیئر پروفیسر ڈاکٹر محمد طارق نے سرانجام دئیے،تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبیٰ نے استقبالیہ کلمات پیش کیے، بعد ازاں کونسل ممبران کی جانب سے مختلف موضوعات پر خطابات کا سلسلہ جاری رہا، پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان نے ورکشاپس کی تنظیمِ نو پر روشنی ڈالی، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر ابرار اشرف علی اور پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے تربیتی پروگرامز سے متعلق تفصیلات بیان کیں۔ امتحانی نظام پر جامع گفتگو پروفیسر ڈاکٹر جہانگیر خان نے کی، سینئر نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر شعیب شفیع نے کالج کے موجودہ و مستقبل کے منصوبہ جات پر گفتگو کرتے ہوئے معروف مفکرین کے بصیرت افروز اقوال سے بھی سامعین کو مستفید کیا، تقریب کے اختتام پر صدر سی پی ایس پی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بھرپور شرکت پر خوشی کا اظہار کیا، انہوں نے کالج کی حالیہ پیش رفت، بالخصوص امتحانات کے معیار، ایم سی کیوز پول بینک کی بہتری، ریذیڈنسی پروگرام کی تنظیمِ نو، اور سپروائزرز ورکشاپس پر روشنی ڈالی، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی نمائندگی کے دوران قومی لباس، پاکستان کے وقار کا مظہر ہے ،مشرقِ وسطیٰ کے حالیہ دورے کے دوران سی پی ایس پی وفد کو ملنے والی بھرپور پذیرائی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اسے مسلح افواج کی شاندار خدمات کا ثمر قرار دیا، تقریب کے آخر میں سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا، جسے صدر سی پی ایس پی نے نہایت تحمل اور وضاحت کے ساتھ مکمل کیا ۔