یوم آزادی عہدِ نو کی نوید ہے، فرسودہ نظام بدل کر پاکستان کو بانیانِ پاکستان کے خوابوں کا گہوارہ بنائیں گے : صہیب عمار صدیقی
ملتان (صفدربخاری) امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان صہیب عمار صدیقی نے یوم آزادی پاکستان کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ 14 اگست ہمیں قربانی، اخلاص، جدوجہد اور آزادی کی اصل روح کی یاد دلاتا ہے۔ اسلامیانِ برصغیر نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں تحریکِ پاکستان میں بے مثال قربانیاں دیں، مگر 78 برس گزر جانے کے باوجود ملک پر وہی کرپٹ اور مراعات یافتہ ٹولہ قابض ہے جس نے عوام کو آزادی کے حقیقی ثمرات سے محروم رکھا ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر خواجہ عاصم ریاض سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی ملتان، حافظ محمد اسلم نائب امیر ضلع، مرزا تنویر احمد نائب امیر ضلع، چوہدری محمد امین امیر عربی زون اور دیگر ذمہ دران جماعت کے ہمراہ ارکان و کارکنان جماعت موجود تھے انہوں نے کہا کہ جاگیرداروں، خاندانی پارٹیوں، سول و ملٹری بیوروکریسی اور کرپٹ سرمایہ دار طبقے نے جابرانہ نظام مسلط کر رکھا ہے، جس کے باعث عوام آج بھی صحت، تعلیم، روزگار اور انصاف جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ ملک میں آج بھی فرسودہ، استحصالی اور ظالمانہ نظام رائج ہے جو بانیانِ پاکستان کے خواب اور عوام کی امنگوں کے سراسر منافی ہے۔ صہیب عمار صدیقی نے کہا کہ جماعت اسلامی عہد کرتی ہے کہ ہم اس فرسودہ نظام کو بدل کر پاکستان کو حقیقی فلاحی اسلامی ریاست بنائیں گے جہاں قرآن و سنت کی بالادستی ہو، اور جو نہ صرف امت مسلمہ بلکہ دنیا کے تمام مظلوم انسانوں کی آواز اور ترجمان بنے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اصل مقام تب ہے جب یہاں عدل و انصاف کا بول بالا ہو، کرپشن اور اقربا پروری کا خاتمہ ہو، اور وسائل عوام کی امانت کے طور پر استعمال ہوں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو آزادی کے حقیقی مقاصد سے روشناس کرے، اسے امن، خوشحالی اور اسلامی عدل و انصاف کا گہوارہ بنائے۔




































Visit Today : 418
Visit Yesterday : 511
This Month : 10812
This Year : 58648
Total Visit : 163636
Hits Today : 4514
Total Hits : 803940
Who's Online : 2






















