ملتان(صفدربخاری سے)  چلڈرن ہسپتال ملتان کے ڈائیلائسز یونٹ میں یومِ آزادی کی مناسبت سے وارڈ میں داخل بچوں کے ہمراہ ایک پُرمسرت اور خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں ڈین چلڈرن ہسپتال ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف چشتی نے زیر علاج معصوم مریض بچوں کے ساتھ مل کر یومِ آزادی کا کیک کاٹا اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔ ہسپتال کا وارڈ سبز ہلالی پرچموں اور ملی نغموں سے گونج اٹھا، جبکہ بچوں کے چہروں پر خوشی کے آثار نمایاں تھے۔ اس موقع پر سینئر فیکلٹی اراکین پروفیسر وقاص عمران، پروفیسر سہیل ارشد، پروفیسر رانا ذوالفقار، محمد نسیم شاہ، ڈاکٹر رابعہ سلیم اور ڈاکٹر ہاشم رضا بھی شریک ہوئے۔ شرکاء نے بچوں کی صحت یابی اور وطن عزیز کی ترقی و سلامتی کے لیے دعا کی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف چشتی نے کہا کہ یومِ آزادی کا حقیقی پیغام خوشیاں بانٹنا اور امید پیدا کرنا ہے، اور ایسے بچے جو بیماری کے باوجود زندگی سے جڑے ہیں، وہ سب کے لیے حوصلے اور عزم کی علامت ہیں۔