ملتان (صفدربخاری سے) پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی پرمسرت مناسبت سے ایس ایم گروپ آف انڈسٹریز کے ہیڈ آفس میں ایک پُروقار اور شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ ہر سمت سبز ہلالی پرچموں کی بہار اور وطن سے محبت کی خوشبو نے ماحول کو معطر کر دیا۔ اس پُررونق تقریب کا اہتمام جی ایم مارکیٹنگ اینڈ سیلز، جناب صلاح الدین نے کیا۔مہمانِ خصوصی چیئرمین ایس ایم گروپ آف انڈسٹریز، معروف صنعت کار چوہدری ذوالفقار علی انجم نے فیکٹری کے صحن میں پاکستانی پرچم بلند کر کے تقریب کا باضابطہ آغاز کیا۔ سٹیج پر آمد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر مہمانِ گرامی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ تلاوتِ کلامِ پاک کے بعد انہیں خطاب کی دعوت دی گئی۔اپنے ولولہ انگیز خطاب میں چوہدری ذوالفقار علی انجم نے کہاکہ آج ہم آزادی کی اس نعمت کا جشن منا رہے ہیں جو ہمیں ان گنت قربانیوں، لازوال جدوجہد اور ایمان کی قوت سے حاصل ہوئی۔ 14 اگست صرف ایک دن نہیں، بلکہ یہ ہمارے وجود کی پہچان اور ہمارے مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کو سرسبز و شاداب، معاشی طور پر مستحکم، اخلاقی طور پر بلند اور دنیا میں باوقار بنانے کے لیے ہمیں محنت، دیانت اور اتحاد کو شعار بنانا ہوگا۔ ہماری فیکٹریاں اور صنعتیں اسی وقت کامیاب ہیں جب پاکستان کامیاب ہے۔ آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ اپنے حصے کا چراغ ضرور جلائیں گے، چاہے وہ تعلیم ہو، ماحول ہو یا روزگار۔پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ’’پاکستان ہے تو ہم ہیں، اور پاکستان ہمیشہ زندہ باد رہے گا۔ آبادی کے لحاظ سے پاکستان دنیا میں چھٹے نمبر پر ہے اور محنت و لگن کے ساتھ ہم ترقی کی دوڑ میں بھی اس مقام تک پہنچ سکتے ہیں۔خطاب کے بعد چیئرمین ایس ایم فوڈ، چوہدری ذوالفقار علی انجم نے پاکستان کی 78ویں سالگرہ کا کیک کاٹا اور اپنے دفتر کے باہر صحن میں پودا لگا کر مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔تقریب کا اختتام پاکستان کی خوشحالی اور سربلندی کے لیے اجتماعی دعا اور فلک شگاف نعرے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے ساتھ ہوا۔تقریب کے دوران سیکیورٹی کے سخت اور مؤثر انتظامات کیے گئے تھے تاکہ شرکاء کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ اس ذمہ داری کی نگرانی اور عملی انجام دہی کا فریضہ میجر ریٹائرڈ عبدالروف خان نے نہایت پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی سے انجام دیا۔ ان کی قیادت میں سیکیورٹی ٹیم نے داخلی و خارجی راستوں پر جامع نگرانی، مہمانوں کی محفوظ آمد و رفت اور تقریب کے دوران مکمل امن و سکون کو یقینی بنایا، جس سے تقریب پُر وقار اور بلا تعطل جاری رہی۔