عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف نیب ریفرنس میں جائیداد نیلامی کی پیش رفت ،، بنی گالا موہڑہ نور کی زمین فی کنال 34 لاکھ 20 ہزار میں فروخت
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور دیگر کے خلاف القادر ٹرسٹ نیب ریفرنس میں جائیداد نیلامی کے معاملے پر بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اشتہاری ملزمان کی تین میں سے بنی گالا میں موجود ایک جائیداد نیلام کر دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق، القادر ٹرسٹ کیس کے اشتہاری ملزمان میں فرحت شہزاد عرف فرح گوگی بھی شامل ہیں۔ جنوری 2024 میں عدالت نے فرح گوگی، زلفی بخاری اور شہزاد اکبر سمیت 6 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا تھا۔ آج موہڑہ نور، بنی گالا میں 405 کنال 3 مرلے زرعی اراضی فی کنال 34 لاکھ 20 ہزار روپے میں فروخت کی گئی۔ تاہم کلب روڈ کے 16 کنال موٹل کے پلاٹ اور 248 کنال 8 مرلے زرعی زمین کی نیلامی میں کسی نے حصہ نہیں لیا۔ نیلامی اسسٹنٹ کمشنر سیکریٹریٹ عزیر علی خان اور دیگر کمیٹی ممبران کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ اگرچہ نیلامی کا وقت صبح 11 بجے مقرر تھا، آکشن کمیٹی 5 بجکر 39 منٹ پر پہنچی۔ اس سے قبل نیلامی کا اشتہار جاری کیا گیا تھا، جس میں نیلامی میں شرکت کے لیے 50 لاکھ روپے کا پے آرڈر چیئرمین نیب کے نام جمع کرانے کی شرط رکھی گئی تھی۔ پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بنی گالا رہائش گاہ کی مبینہ نیلامی کی خبر آج سامنے آئی ہے، اگر ایسا ہوا ہے تو یہ کسی “خفیہ کارروائی” کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنی گالا کے منتظمین اس سے لاعلم ہیں اور پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے سرگرم ہے۔ بعد ازاں ایک اور بیان میں سلمان اکرم راجا نے واضح کیا کہ نیب ریفرنس نمبر 19/2023، جسے القادر ٹرسٹ کیس کہا جاتا ہے، میں دیگر ملزمان کو مفرور اور اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے اور آج شائع ہونے والا نیلامی نوٹس انہی ملزمان کی جائیداد سے متعلق ہے۔






































Visit Today : 424
Visit Yesterday : 511
This Month : 10818
This Year : 58654
Total Visit : 163642
Hits Today : 4713
Total Hits : 804139
Who's Online : 3






















