لاہور/امریکا : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے پر بضد ہے، پاکستان واضح کرچکا ہے کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ امریکی دورے کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی “برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین” ہیں اور پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی RAW ٹرانس نیشنل دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہے، جن کی مثالیں کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل، قطر میں آٹھ بھارتی نیول افسران کا معاملہ اور کلبھوشن یادیو کیس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک نامکمل بین الاقوامی ایجنڈا ہے جس پر اقوامِ متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی حالیہ جارحیت کا پُرعزم جواب دیا اور وسیع تر جنگ کو ٹالنے میں کامیاب رہا۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کی اسٹریٹجک قیادت کو بھی سراہا جس کے باعث انڈیا پاکستان جنگ اور دنیا کی دیگر ممکنہ جنگیں رکیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے کئی دہشت گرد تنظیمیں پاکستان کے خلاف سرگرم ہیں، دہشت گردوں کے لیے کوئی ہمدردی نہیں اور انہیں مکمل قوت سے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ غزہ میں جاری نسل کشی کو انہوں نے بدترین انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے اس کے عالمی مضمرات پر تشویش کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پر گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ یہ طاقتور ذریعہ ہے لیکن ملک دشمن عناصر اس کا استعمال افراتفری پھیلانے کے لیے کرتے ہیں۔ انہوں نے قرآن پاک کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی خبر پر عمل کرنے سے پہلے تحقیق ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات نئی جہت اختیار کر رہے ہیں، تجارتی معاہدوں اور سعودی عرب، یو اے ای و چین کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر عمل جاری ہے، جس سے سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 64 فیصد نوجوان آبادی مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گی اور موجودہ کامیابیاں قوم کی اجتماعی کوشش اور بہادر افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا نتیجہ ہیں۔