ملتان :  سینٹس سٹی پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے موسم گرما کی تعطیلات میں غیر ضروری اور بلاجواز توسیع کو مسترد کرتے ہوئے سخت احتجاج کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایسوسی ایشن کے صدر محمد ندیم قادری کی زیر صدارت عہدیداران کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس کی سرپرستی ملک جہانزیب خان نے کی۔اجلاس میں اساتذہ، والدین اور تعلیمی حلقوں نے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعطیلات میں اس اضافے سے طلبہ کا قیمتی تعلیمی وقت ضائع ہو رہا ہے، نصاب کی بروقت تکمیل ممکن نہیں رہی، امتحانات و داخلوں کے نظام میں خلل پڑ رہا ہے اور اساتذہ و تعلیمی ادارے غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔ مقررین نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ تعلیمی تسلسل کے منافی ہے۔سینٹس سٹی پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ پنجاب بھر میں اسکول فوری طور پر کھولے جائیں، تعلیمی کیلنڈر میں کسی بھی تبدیلی سے قبل مشاورتی عمل اپنایا جائے اور تعلیم کو موسمی سیاست کا شکار نہ بنایا جائے۔ عہدیداران نے اعلان کیا کہ اگر حکومت نے فیصلہ واپس نہ لیا تو صوبہ بھر میں پرامن احتجاج، عدالت سے رجوع اور دیگر آئینی راستے اختیار کیے جائیں گے۔اجلاس میں سینئر نائب صدر اشتیاق احمد خان، سینئر نائب صدر دلشاد، صدر لیڈیز ونگ میم ثناء اقبال، جنرل سیکرٹری ظفر مغل، پریس سیکرٹری محمد الطاف، فنانس سیکرٹری قاسم، ماجد خان، سکندر اور اقبال سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔