ژوب: پاک فوج نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاکستان افغانستان سرحد کے قریب بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 33 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی 7 اور 8 اگست کی درمیانی شب بلوچستان کے عمومی علاقے سمبازہ میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا۔ ترجمان کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے بھارتی پراکسی گروہ “فتنہ الخوارج” کی ایک بڑی نقل و حرکت کو ٹریس کیا، جس پر مؤثر، جرأت مندانہ اور مہارت سے بھرپور آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں 33 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔ آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز وطن عزیز کی سرحدوں کے تحفظ اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔