ملتان: یونین متاثرین گلبرگ ایگزیکٹو سوسائٹی ملتان کے عہدیداران و متاثرین گلبرگ ملتان نے نیب آفس میں کھلی کچہری میں شرکت کے بعد احتجاجی مظاہرہ کیا۔ صدر یونین اقبال بخاری، چیئرمین رانا غلام مرتضیٰ، چیف کوآرڈینیٹر شیخ عدیل اعجازنے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی نیب ملتان نے یونین عہدیدران و متاثرین گلبرگ ملتان کو فراڈ گلبرگ ہاؤسنگ سوسائٹی ملتان کے کیس پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اعلی افسران گلبرگ ایگزیکٹو ہاؤسنگ سوسائٹی ملتان کے کیس کو بہت باریک بینی سے دیکھ رہے ہیں اور انشاء اللہ اس گلبرگ کالونی کے فراڈ میں ملوث تمام افراد کو کٹہرے میں لائیں گے بہت جلد متاثرین گلبرگ کی داد رسی کی جائے گی۔نیب کی کھلی کچہری میں شرکت کے بعد یونین عہدیداران ومتاثرین گلبرگ نے گلبرگ انتظامیہ اور گلبرگ کالونی کے چیف ایگزیکٹو مفرور اصغر علی گرمانی ایم پی اے پی پی 283 کے خلاف بھرپور شاندار مظاہرہ کیا جس میں متاثرین نے کہا کہ مفرور اصغر علی گرمانی کے کارندے دھمکیاں دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ اصغر علی گورمانی کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے اس کی وجہ سے اس کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا ہماری وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز سے اپیل ہے کہ ممبر صوبائی اسمبلی اصغر علی گرمانی ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں اربوں روپے کا فراڈ کر کے ملک سے فرار ہو چکا ہے اس کی رکنیت کو معطل کرتے ہوئے اس کے ریڈ وارنٹ جاری کیے جائیں اوراس کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لایا جائے تاکہ متاثرین گلبرگ ملتان کی دادرسی ہو اور انہیں ان کا حق ملے کیونکہ ہزاروں متاثرین گلبرگ جو اپنے گھر کا خواب دیکھ رہے تھے اس نوسرباز فراڈیے نے ان کے خواب کو چکنا چور کر دیاہے۔احتجاجی مظاہرہ میں جنرل سیکرٹری راؤ محمد عارف، چوہدری خالد ریاض، محمد ذوہیب، اکبر حسین، علی رضا،خواتین و دیگر متاثرین گلبرگ ایگزیکٹو ہاؤسنگ سوسائٹی ملتان کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے اصغر علی گورمانی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔