ملتان : سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری طارق زمان گجر نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات پر فخر ہونا چاہیے کہ ہم ایک آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے مظالم، عدم برداشت اور مذہبی تعصب کو دیکھتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح نے علامہ اقبال کے خواب کو عملی تعبیر دی اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کے حالات ایسے تھے کہ مسلمانوں کو اپنے مذہب، رسم و رواج اور ثقافت کے مطابق زندگی گزارنے کی کوئی آزادی حاصل نہ تھی، اور آئے روز ہندو مسلم فسادات، قتل و غارت، اور انتقامی کارروائیاں معمول بن چکی تھیں۔ چوہدری طارق زمان گجر نے کہا “قائداعظم نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ برصغیر میں رہنے والے ہندو اور مسلمان دو الگ قومیں ہیں جن کے عقائد، رہن سہن اور سماجی نظام ایک دوسرے سے مختلف ہیں، لہٰذا ایک خطے میں دونوں قوموں کا اکٹھے رہنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم ہند کے وقت لاکھوں مسلمانوں نے قربانیاں دیں، بے شمار جانیں گئیں، ماؤں نے اپنے بیٹے کھوئے، بہنوں کی عصمتیں لٹیں، تب جا کر یہ وطن، پاکستان، ہمارے ہاتھ آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “اب ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اس ملک کو اندرونی و بیرونی سازشوں سے بچائیں، آپس کے اختلافات کو ختم کریں اور پاکستان کو ایک ترقی یافتہ، پرامن اور خوشحال ریاست بنائیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو بھی تلقین کی کہ وہ پاکستان کے قیام کی تاریخ، مقاصد اور قربانیوں کو یاد رکھیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔