ملتان (صفدر بخاری سے)  ملتان سے تعلق رکھنے والے معروف پاکستانی نژاد امریکی صحافی اور اے آر وائے نیوز نیویارک سے وابستہ گولڈ میڈلسٹ ارشد چوہدری کو امریکہ کی ریاست نیو جرسی کی سینیٹ اور جنرل اسمبلی کی جانب سے ان کی طویل صحافتی خدمات اور کمیونٹی میں مثبت کردار کے اعتراف میں اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ اس خصوصی اعزاز کے تحت نہ صرف انہیں ریاستی ایوارڈ دیا گیا بلکہ کیش انعام سے بھی نوازا گیا، جو ان کی انفرادی محنت، پیشہ ورانہ دیانت داری اور کمیونٹی کی بہتری کے لیے کوششوں کا واضح اعتراف ہے۔ یہ اعزاز صرف ارشد چوہدری کی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ دنیا بھر میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ واضح رہے کہ ارشد چوہدری اس سے قبل بھی سال 2022 میں نیو جرسی کی معروف سینیٹر اننا ایم کیپلان اور جنرل اسمبلی کی جانب سے صحافت میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز حاصل کر چکے ہیں۔ ان کی خدمات کا یہ تسلسل بین الاقوامی سطح پر پاکستانیوں کی قابلیت اور مثبت کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ ارشد چوہدری کی اس کامیابی پر نیویارک، نیو جرسی اور دیگر ریاستوں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے افراد کی جانب سے انہیں مبارکباد دی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ایسے روشن چہرے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے ہم وطنوں کا نام فخر سے بلند کرتے رہیں گے۔