حکمرانوں کے پروٹوکول پر اربوں،نشتر ڈینٹل ہسپتال کیلئے صرف 60 لاکھ، میڈیسن بجٹ میں اضافہ کیا جائے:ملک ارشد اقبال بھٹہ
ملتان (صفدربخاری سے) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور پنجاب کونسل کے رکن
ملک ارشد اقبال بھٹہ نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ نشتر ڈینٹل ہسپتال ملتان کا سالانہ میڈیسن بجٹ فوری طور پر بڑھایا جائے تاکہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات مؤثر طریقے سے فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ نشتر ڈینٹل ہسپتال نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں سے آنے والے مریضوں کو بھی دانتوں کے امراض کا علاج فراہم کرتا ہے۔ اس کے باوجود افسوسناک امر یہ ہے کہ اتنے وسیع دائرہ کار اور مریضوں کے بڑے حجم کے باوجود اس ادارے کا سالانہ ادویات بجٹ صرف 60 لاکھ روپے مقرر ہے، جو کہ موجودہ دور کی مہنگائی اور طبی ضروریات کے پیش نظر انتہائی ناکافی ہے۔ ملک ارشد اقبال بھٹہ نے کہا کہ ایک جانب عام عوام کو صحت جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ دوسری جانب حکمران طبقے کے ذاتی مفادات، لگژری سہولیات اور پروٹوکولی اخراجات پر اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ کسی بھی مہذب معاشرے کی اولین ترجیح ہوتا ہے، لیکن یہاں صورتحال اس کے برعکس دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے پرزور اپیل کی کہ وہ اس اہم انسانی مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور نشتر ڈینٹل ہسپتال کے سالانہ میڈیسن بجٹ میں خاطرخواہ اضافہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں اضافہ نہ صرف علاج معالجے کے معیار کو بہتر بنائے گا بلکہ غریب اور نادار مریضوں کو بروقت اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔ ملک ارشد اقبال بھٹہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ عوامی مسائل کی ترجمان رہی ہے اور وہ آئندہ بھی عوامی مفاد کے ہر معاملے کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتی رہے گی۔






































Visit Today : 424
Visit Yesterday : 511
This Month : 10818
This Year : 58654
Total Visit : 163642
Hits Today : 4667
Total Hits : 804093
Who's Online : 3






















