ملتان (صفدر بخاری سے) میاں نواز شریف حمایت تحریک کے چیئرمین ملک رمضان اعوان نے کہا ہے کہ انہوں نے پارٹی کے لیے تن، من، دھن کی قربانیاں دی ہیں اور ہر مشکل وقت میں مسلم لیگ (ن) کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پارٹی وابستگی کے باعث جیل بھی کاٹی اور ورکرز کی حوصلہ افزائی کے لیے گزشتہ کئی سالوں سے کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈ دینے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ ملک رمضان اعوان نے کہا کہ وہ گزشتہ 25 سال سے مسلم لیگ (ن) سے وفاداری نبھا رہے ہیں، مختلف نشیب و فراز کے باوجود پارٹی سے ان کا رشتہ قائم و دائم رہا ہے اور وہ مرتے دم تک پارٹی کا ساتھ نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی سے وابستگی، قربانیاں اور ثابت قدمی کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت، بالخصوص قائد میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ ان جیسے وفادار کارکنان کو سرکاری کمیٹیوں میں بطور چیئرمین شامل کیا جائے تاکہ ورکرز کا حوصلہ بلند ہو اور پارٹی کا گراف مزید بلند ہو۔ ملک رمضان اعوان کے مطابق، انہوں نے اس حوالے سے اپنی باضابطہ درخواست پارٹی قیادت کو ارسال کر دی ہے اور امید ہے کہ قیادت اس پر غور کرے گی۔