ملتان (صفدر بخاری سے) حضرت مخدوم خواجہ نبی بخش ملتانیؒ کا تین روزہ سالانہ عرس مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ دربار عالیہ پر اختتامی تقریب میں ملک بھر سے عقیدت مندوں، علما، مشائخ، نعت خواں حضرات اور زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفلِ نعت و ذکر میں ممتاز نعت خواں ثقلین حیدر گولڑوی برادران، ایاز اللہ مہدی، مہر فرید الدین، حمید نواز، وحید نواز، اشرف سعید اور فاروق مہروی نے شرکت کی اور اپنے نعتیہ کلام اور خطابات سے شرکاء کے دلوں کو منور کیا۔ معروف قوال عبدالرحمن مہروی اور ان کے ہمنوا بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے اور روح پرور کلام پیش کیا۔ حافظ عمر نے ختم شریف پڑھا۔ درگاہ کے سجادہ نشین مخدوم فیض مصطفی سبحانی قریشی نے خصوصی دعا کرائی اور اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت خواجہ نبی بخش ملتانیؒ کی تعلیمات آج بھی انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ آپ کا پیغام محبت، رواداری اور خدمتِ خلق پر مبنی ہے، جو ہمیشہ زندہ رہے گا۔ پیر معین الدین بخاری نے کہا اولیائے کرام کی محفلیں دلوں کو جوڑنے، نفرتیں مٹانے اور ربِ حقیقی کی قربت حاصل کرنے کا ذریعہ ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ان بزرگانِ دین کے نقشِ قدم پر چل کر اپنی زندگیوں کو سنواریں۔ عرس کی تقریبات میں ممتاز دستی، عمر فاروق اور دیگر معززین نے خصوصی شرکت کی، جبکہ نظامت کے فرائض عاصم گولڑوی نے ادا کیے۔ اختتامی تقریب کے بعد تمام زائرین کے لیے لنگرِ عام کا اہتمام کیا گیا۔ درگاہ پر چراغاں، درود و سلام اور خصوصی دعاؤں کی پرکیف فضا دیر تک قائم رہی۔