ملتان :  مستقبل پاکستان پارٹی ضلع ملتان کے صدر حاجی محمد یوسف انصاری فوجی نے فہد علی انصاری کو ایڈیشنل جنرل سیکرٹری یوتھ ونگ ضلع ملتان نامزد کر دیا، اس موقع پر باقاعدہ تقریب ہوئی جس میں حاجی محمد یوسف انصاری نے انہیں نوٹیفکیشن دیا، تقریب میں محمد طلحہ یوسف انصاری صدر یوتھ ونگ ضلع ملتان، جنرل سیکرٹری عبدالواجدنیازی، محمد عاقل عثمان جٹ، تاجر رہنما صوفی اکرم انصاری، حاجی محمد افضل، میاں حسن انصاری، عبدالرحمن افضل، رضا امجد انصاری، تنویر احمد انصاری، محمد اختر، سعید احمد، خلیفہ ہدایت علی، احسن رضا (رستم دیسی گھی والے) اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی ،اس موقع پر حاجی محمد یوسف انصاری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کے بعد پارٹی کی تنظیم سازی تیزی سے جاری ہے اور مزید مخلص کارکنان کو شامل کیا جا رہا ہے۔ جلد ہی ملتان چوک گھنٹہ گھر میں ممبرسازی کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ پارٹی کی عوامی قوت میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی بازگشت سنائی دے رہی ہے اور مستقبل پاکستان پارٹی بھرپور انداز میں ان انتخابات میں حصہ لے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے قائد انجینیئر ندیم ممتاز قریشی کا مشن کرپشن سے پاک، خوشحال اور خودمختار پاکستان ہے۔ بدقسمتی سے 1947 کے بعد سے کئی پارٹیوں کو بار بار حکومت کا موقع ملا مگر مسائل اپنی جگہ برقرار رہے۔ ملک دن بدن مقروض ہوتا جا رہا ہے، اور وصولیوں کا دائرہ کار اس قدر بڑھ گیا ہے کہ مساجد و کارخانوں تک بھی پہنچ چکا ہے۔ گھریلو و کمرشل گیس میٹروں پر فکس چارجز، بجلی کے بلوں میں ناجائز ٹیکسز، ہر طرف عوام کو نچوڑا جا رہا ہے مگر پھر بھی ملک ہاتھ پھیلائے کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر آنے والی حکومت نے دعویٰ کیا کہ کشکول توڑیں گے، مگر عملی طور پر اس کشکول کو اور زیادہ خوبصورت بنا دیا گیا۔ خدا کرے کہ اس پاک سرزمین پر اللہ تعالیٰ کی خاص رحمت ہو اور کرپشن کا خاتمہ ہو، انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں اسمبلیوں کے اجلاس گالی گلوچ، ہاتھا پائی اور خوشامد کی سیاست تک محدود ہو گئے ہیں۔ عوام کا استحصال ہو رہا ہے، ریاست اپنی بنیادی ذمہ داریاں پوری نہیں کر پا رہی۔ لوگ سڑکوں پر شہید کیے جا رہے ہیں، عورتیں بیوہ اور بچے یتیم ہو رہے ہیں، مگر حکومتی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ جمہوریت کو مضبوط کیا جائے اور ہر منتخب حکومت کو اپنی آئینی مدت پوری کرنے دی جائے۔ بدقسمتی سے یہاں حلف برداری کے بعد ہی مخالف جماعتیں حکومت کو گرانے کی کوششوں میں لگ جاتی ہیں ، آ خر میں انہوں نے کہا کہ مستقبل پاکستان پارٹی کے چیئرمین انجینیئر ندیم ممتاز قریشی ایک پڑھے لکھے، باشعور اور اسلامی نظریہ رکھنے والے رہنما ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب سے ایم اے اسلامیات کیا ہے اور بین الاقوامی سطح پر ایک مو¿ثر شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آئندہ انتخابات میں صرف تعلیم یافتہ، باصلاحیت، ایماندار اور باکردار افراد کو منتخب کریں تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔