ملتان (صفدربخاری سے) چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان کے ایگزیکٹو ممبر عمار رضا شیخ نے آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی بزنس کمیونٹی سے حالیہ ملاقات کو نہایت حوصلہ افزا اور خوش آئند قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال، ایف بی آر کے پیچیدہ ٹیکس نظام، کسٹمز پالیسیوں اور کاروباری طبقے کو درپیش دیگر سنگین مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔ عمار رضا شیخ نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی جانب سے بزنس کمیونٹی کو سننا، ان کے مسائل کو سمجھنا اور فوری اقدامات کی یقین دہانی کرانا اس امر کی غمازی کرتا ہے کہ اعلیٰ قیادت ملکی معیشت کے استحکام کے لیے سنجیدہ ہے۔ انہوں نے جنرل عاصم منیر کی قیادت، بصیرت اور ملک کے معاشی نظام کو سہارا دینے کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک کی معیشت مسلسل چیلنجز سے دوچار ہے، ایسے میں ریاستی سطح پر کاروباری طبقے سے براہ راست مشاورت ایک قابل قدر قدم ہے جو قومی معیشت کو سنبھالا دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے بوجھل اور غیر منصفانہ قوانین، ٹیکس سسٹم کی پیچیدگیاں اور ریفنڈز میں تاخیر جیسے مسائل کو حل کیے بغیر کاروباری ترقی ممکن نہیں۔ عمار رضا شیخ نے امید ظاہر کی کہ آرمی چیف کی زیر قیادت ہونے والی یہ ملاقات بزنس کمیونٹی کے دیرینہ مسائل کے مستقل حل کی راہ ہموار کرے گی اور جلد اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔