راولپنڈی : پاکستان کی میزبانی میں علاقائی عسکری قیادت پر مشتمل ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں امریکا، قازقستان، کرغیزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے اعلیٰ عسکری وفود نے شرکت کی۔ کانفرنس کا موضوع “رابطوں کو مضبوط اور امن کو یقینی بنانا” رکھا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مہمان عسکری وفود کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور کے پیچیدہ خطرات سے نمٹنے کے لیے فوجی تعاون اور اسٹریٹجک مکالمہ ناگزیر ہے۔ کانفرنس میں وسطی اور جنوبی ایشیاء کے اسٹریٹجک حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور خطے میں سیکیورٹی تعاون، مشترکہ تربیتی اقدامات اور انسداد دہشتگردی کے لیے مؤثر حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے مشترکہ تربیت، انسداد دہشتگردی، اور انسانی ہمدردی کی کارروائیوں میں تعاون پر اتفاق کیا اور پاکستان کی عسکری قیادت، میزبانی اور دفاعی سفارت کاری کو بھرپور انداز میں سراہا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک محفوظ، مستحکم اور خوشحال علاقائی ماحول کی تعمیر کا خواہاں ہے، اور اس مقصد کے لیے شراکت دار ممالک کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھے گا۔ اجلاس کے اختتام پر تمام شریک ممالک نے امن، احترام، قومی خودمختاری اور مشترکہ سیکیورٹی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کی توثیق کی۔