ملتان:  کیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب و بین الکلیسائی مکالمہ پاکستان کے زیر اہتمام پوپ لیو چہاردہم کے پوپ منتخب ہونے کی خوشی میں کیتھولک چرچ، بشپ ہاؤس ملتان میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت کیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب و بین الکلیسائی مکالمہ پاکستان کے چیئرمین اور ملتان کے بشپ، بشپ یوسف سوہن نے کی۔تقریب میں مختلف مذاہب اور مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں فادر ڈینیئل تاج، علامہ ڈاکٹر ارشد علی بلوچ، علامہ ابوبکر عثمان الازہری، علامہ سید مجاہد عباس گردیزی، پروفیسر عبدالماجد وٹو، پروفیسر عبدالقدوس صہیب، بشارت عباس قریشی، پیر عبید انور صدرپوری، علامہ عندالحنان حیدری، ملک محمد عمر کمبوہ ایڈوکیٹ، اللہ داد ایڈوکیٹ، سرفراز کلیمنٹ، شازر گل اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر شرکاء نے پوپ لیو چہاردہم کے انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمگیر امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانیت کی خدمت کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بشپ آف ملتان، بشپ یوسف سوہن نے کہاپوپ لیو چہاردہم کا انتخاب پوری مسیحی دنیا کے لیے باعث مسرت ہے۔ ان کی شخصیت بین الاقوامی سطح پر نہ صرف مذہبی بلکہ سماجی و اخلاقی قیادت کی علامت ہے۔ ہمیں امید ہے کہ وہ بین المذاہب مکالمے، امن، ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ میں اپنا تاریخی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین المذاہب مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور ہمیں تمام مذاہب کے درمیان احترام، برداشت اور باہمی محبت کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔ پوپ لیو چہاردہم اس سلسلے میں ایک نئی روشنی اور امید کا پیغام ہیں۔ اس موقع پر کیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب و بین الکلیسائی مکالمہ پاکستان کے ایگزیکٹیو سیکریٹری سیموئیل کلیمنٹ نے تمام مذاہب کے رہنماؤں اور اسکالرز کی تقریب میں شرکت کو سراہا اور کہا کہ یہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد بین المذاہب کا عملی مظاہرہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذہب کی اصل روح انسانیت کی خدمت، محبت اور امن کا پیغام ہے۔تقریب کے اختتام پر پوپ لیو چہاردہم کی قیادت میں کلیسیا کے روشن مستقبل، عالمی امن اور انسانیت کی فلاح کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔