لاہور : امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات کو نفرت میں تبدیل نہیں کرنا چاہیے، آئین پاکستان نے ہر ایک کے لیے ایک فریم ورک طے کر رکھا ہے، سب کو اسی فریم ورک میں رہ کر کام کرنا ہو گا۔ حافظ نعیم الرحمان نے یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر سے ان کے والد اور سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کے انتقال پر تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ میاں اظہر ایک بااصول سیاستدان تھے جو سیاسی اختلافات کو بھی ایک دائرے میں رہتے ہوئے نبھاتے تھے۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ جب کوئی شخص آئینی حدود سے تجاوز کرتا ہے تو ملک میں انتشار جنم لیتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہر طبقہ فکر اور سیاسی جماعت آئین کے دائرہ کار میں رہ کر اپنی جدوجہد جاری رکھے۔