سی این ایف کا قیام نوجوانوں کو منشیات سے بچانے کی جانب عملی قدم ہے: وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (CNF) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فورس منشیات کے خاتمے کے لیے ایک مؤثر اور دیرپا قدم ہے، جس نے قلیل مدت میں اپنی صلاحیت کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ڈی جی سی این ایف بریگیڈیئر مظہر نے مختصر عرصے میں ایک شاندار اور پیشہ ور فورس قائم کی، جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اور انہیں منشیات سے بچانا ہماری قومی ترجیح ہونی چاہیے۔ سی این ایف کی باڈی لینگویج اور نظم و ضبط دیکھ کر امید بندھ گئی ہے کہ پنجاب منشیات سے جلد پاک ہو جائے گا۔ مریم نواز نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کا حلف اٹھاتے ہی والدین کی جانب سے منشیات کے حوالے سے بے شمار درخواستیں موصول ہوئیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کتنا سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “منشیات ہر گلی، محلے، اسکول اور یونیورسٹی تک پہنچ چکی ہے، اس کے خاتمے کے لیے خصوصی فورس کا قیام ناگزیر تھا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ CNF میں 12 ہزار درخواست دہندگان میں سے 850 جوان اور افسران کو مکمل میرٹ پر منتخب کیا گیا، اور یہ فورس پہلے ہی تمام ڈویژنز میں فعال ہو چکی ہے، جب کہ جلد تمام اضلاع میں بھی کام شروع ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں ہر مسئلے کے لیے خصوصی ڈیپارٹمنٹس قائم کیے جا رہے ہیں، جیسے پیرا، جو مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات کے خلاف کام کر رہا ہے، اور CCD (کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ)، جس نے چند ہفتوں میں جرائم پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ CNF کے افسران اور جوانوں کو لالچ اور دباؤ سے بچنا ہوگا کیونکہ ان کے کندھوں پر آنے والی نسلوں کو بچانے کی ذمہ داری ہے۔ “اگر ایک جوان خاندان میں منشیات کا عادی ہو جائے تو پورا خاندان تباہ ہو جاتا ہے۔ سی این ایف کو گلی، محلے، شہر اور ضلع سے منشیات کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ فورس نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کا فخر بنے گی اور قوم کی خدمت میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔







































Visit Today : 137
Visit Yesterday : 443
This Month : 10974
This Year : 58810
Total Visit : 163798
Hits Today : 1228
Total Hits : 805735
Who's Online : 6






















