ملتان (صفدر بخاری سے) ریلوے محنت کش یونین ملتان کے ڈویژنل صدر قاضی منور حسین اعوان، جنرل سیکریٹری عبدالحمید اور چیئرمین ظفر اقبال تھینم نے ڈی ایس ریلوے زوالفقار علی شیخ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ریلوے ملازمین کو درپیش سنگین مسائل سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ وفد نے نشاندہی کی کہ ملازمین کو مہینوں سے تنخواہیں تاخیر سے مل رہی ہیں، جب کہ گریجویٹی، لیو ان کیشمنٹ، شادی گرانٹ، ٹی اے، جی پی فنڈ اور بہبود فنڈ کی ادائیگیاں بھی عرصہ دراز سے رکی ہوئی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ریلوے کالونیوں میں چھ گھنٹے طویل لوڈ شیڈنگ اور بجلی کے کمرتوڑ بلوں نے ملازمین کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ آج واپڈا اہلکاروں نے لوکو کالونی و دیگر کالونیوں کی بجلی منقطع کر دی، جس پر فوری بحالی کا مطالبہ کیا گیا۔ مزید مطالبات میں خستہ حال ریلوے کوارٹروں کی مرمت، صاف پانی کی نئی لائن کی تنصیب، ناجائز قبضہ مافیا سے ریلوے زمین واگزار کرانا، زرعی زمین کو لیز پر دینا، نکالے گئے عارضی ملازمین کو بحال کرنا، اور عرصہ دراز سے کام کرنے والے ملازمین کی مستقلی شامل تھی۔ وفد نے کہا کہ کیرج، لوکو، برج اور الیکٹریکل انجینئرنگ شعبوں میں خالی اسامیوں پر ملازمین کے بچوں کو بھرتی کیا جائے اور ترقی کے مستحق افراد کو پروموشن دی جائے۔ پے وے مستریوں کی سلیکشن جلد کرائی جائے، ریلوے اسپتال میں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور سٹاف کی کمی دور کی جائے۔انہوں نے ریلوے میں موجود کرپٹ مافیا کے خلاف انکوائری مکمل کر کے سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔ ڈی ایس ریلوے زوالفقار علی شیخ نے متعدد مسائل موقع پر ہی حل کر دیے جبکہ باقی جائز مطالبات کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ وفد نے ان کے فوری ردعمل اور مثبت رویے پر شکریہ ادا کیا۔